گجر پورہ،شیخوپورہ:مبینہ مقابلے ،2زیرِ حراست ملزم ہلاک

گجر پورہ،شیخوپورہ:مبینہ مقابلے ،2زیرِ حراست ملزم ہلاک

عمران اور ناظم چھڑانے آئے اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے :پولیس ننکانہ میں پولیس کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ملزم رجب گرفتار ہوگیا

لاہور، شیخوپورہ ، ننکانہ صاحب(کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، خبرنگار)لاہور کے علاقے گجرپورہ اور شیخوپورہ میں مبینہ مقابلوں میں 2زیرحراست ملزم ہلاک ہوگئے ، ننکانہ میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گجر پورہ میں سی سی ڈی کی زیر حراست ملزم عمران کو نشاندہی کیلئے کرول گائوں لے جایا جا رہا تھا کہ گھات لگائے نامعلوم افراد نے اسے چھڑوانے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر عمران موقع پر ہلاک جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ملزم کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کر کے اسکے فرار ساتھیوں کی تلاش کیلئے ناکہ بندی کر دی ۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عمران عرف مانی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔تھانہ صدر شیخوپورہ کے علاقے حافظ آباد روڈ، چک شاہ پور کے قریب پولیس زیرِ حراست خطرناک ملزم ناظم کو نشاندہی کیلئے لے جا رہی تھی ،ملزم کے دو ساتھیوں نے حملہ کر کے کانسٹیبل اعجاز سے ہتھکڑیوں میں جکڑے ملزم کو چھڑوا لیا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ملزم ناظم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوکر موقع پر دم توڑ گیا،ملزم متعددد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ ننکانہ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ صدر ننکانہ کے علاقہ میں پل نہر بڈھا کے قریب دو مشکوک موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم ملزموں کو روکا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں پیڑی والا کا رہائشی ایک ملزم علی رجب اپنے ہی ساتھیوں کی گولی سے زخمی ہوا جسے گرفتار کر لیا،ملزم کے چار ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ۔ زخمی ملزم نے دوران تفتیش فرار ساتھیوں کے نام ضلع ننکانہ کے رہائشی افضال ، ضلع شیخوپورہ کے شہباز اور عبدالقوی جبکہ لاہور کا رہائشی ہارون بتائے ۔پولیس کے مطابق گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں