پاک افغان مذاکرات میں معمولی اختلافات کو رکاوٹ نہیں بننا چاہئے :امیر متقی
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی نے منگل کو کہا ہے پاکستان کے ساتھ اب تک مثبت اور تعمیری مذاکرات ہوئے ہیں اور امید ہے معمولی اختلافات اس عمل کی پیشرفت میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
امیر خان متقی نے یہ بات کابل میں چین کے سفیر ژاو شینگ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی صورتحال اور چین کے شہر اُرمچی میں جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان وزارت امور خارجہ کے نائب ترجمان حافظ ضیا احمد تکل کے مطابقمولوی امیر خان متقی نے افغانستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے ارمچی مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے سعودی عرب، ترکی، قطر اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کو بھی سراہا۔ چین کے سفیر ژاو شینگ نے کہا ان کا ملک افغانستان اور پاکستان کے درمیان اعتماد سازی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔