یمن کے حوثیوں کی آبنائے باب المندب بند کرنے کی دھمکی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قیام امن میں رکاوٹیں ڈالنا بند کریں:حوثی حکومت
صنعا (دنیا نیوز)یمن کے حوثیوں نے آبنائے باب المندب بند کرنے کی دھمکی دے دی۔صنعا میں حوثی حکومت کے نائب وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے قیام میں رکاوٹیں ڈالنا بند کریں،باب المندب عالمی بحری تجارت کیلئے دنیا کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے جو خلیج عدن کو بحیرہ احمر سے ملانے والی اہم گزر گاہ ہے ۔خلیجی ممالک سے یورپ اور ایشیا کو جانے والے تیل کا ایک بڑا حصہ اسی راستے سے گزرتا ہے۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق عالمی سطح پر خام تیل کی کل سپلائی کا تقریباً 5 فیصد (تقریباً 40 لاکھ بیرل روزانہ) اسی گزرگاہ سے منتقل ہوتا ہے ۔باب المندب کو بند کر دیا جائے تو عالمی تجارت کا 10 فیصد حصہ رک جائے گا، یہ آبنائے بحیرہ احمر کا داخلی دروازہ ہے ، جو آگے چل کر نہر سویز کے ذریعے یورپ اور ایشیا کے درمیان تیز رفتار اور سستی بحری تجارت کو ممکن بناتا ہے ۔واضح رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کر دی ہے ، جس کے بعد تجارتی جہازوں کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے ۔