غزہ اسرائیلی حملہ ، حماس فوج کے سربراہ عزالدین الحداد شہید
الحداد القسام بریگیڈ سپریم کونسل کے آخری رکن اور اسرائیل کو سب سے زیادہ مطلوب تھے ،حماس کی تصدیق فرانس میں ایفل ٹاور پر فلسطینی پرچم لہرانے کے الزام میں 6 افراد گرفتار ، لندن میں فلسطین کے حق میں مظاہرہ
غزہ ،پیرس،لندن(اے ایف پی)اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس فوج کے سربراہ عز الدین الحداد کو ایک فضائی حملے میں شہید کر دیا۔حماس کے دو عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ الحداد جمعہ کو غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت اور گاڑی پر اسرائیلی حملے میں مارے گئے ،الحداد القسام بریگیڈ کی 5 رکنی سپریم کونسل کے آخری رکن تھے ۔اسرائیلی فوج کے مطابق الحداد اسرائیل پر 7 اکتوبر2023 کے حملوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں ملوث تھے ۔اسرائیلی حکام کے مطابق عز الدین الحدادسب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے ۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے جنین پناہ گزین کیمپ کے اطراف اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی شہری 34 سالہ نورالدین شہید ہوگیا۔
فرانس میں ایفل ٹاور پر فلسطینی پرچم لہرانے کے الزام میں ماحولیاتی تنظیم کے چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ماحولیاتی تنظیم نے کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کیا گیا۔ہفتے کو لندن میں ہزاروں افراد نے دائیں بازو کے سرگرم کارکن ٹومی رابنسن کے مارچ میں شرکت کی، جبکہ ایک متوازی بڑا مظاہرہ فلسطین کے حق میں اور انتہا پسندی کے خلاف بھی ہوا۔ مظاہرہ نکبہ ڈے کی یاد میں منعقد ہوا، جو 1948 میں فلسطینیوں کے بے دخل ہونے کی یادگار ہے۔