دوسرا ٹیسٹ:بنگلہ دیش278پر آؤٹ،پاکستان کے21رنز
لٹن داس نے 126رنز کی اننگز کھیلی ،خرم شہزاد کی 4، عباس 3، حسن علی 2 اور ساجد خان کی ایک وکٹ، اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل آج کھیل کا آغاز کرینگے
سلہٹ(سپورٹس ڈیسک )دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جبکہ دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 21 رنز بنالیے ۔ سہلٹ میں سیریز برابر کرنے کے لیے میدان میں اترنے والی قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد عباس نے وکٹ حاصل کی جس کے بعد 44 رنز پر محمد عباس نے ہی دوسری وکٹ بھی حاصل کرلی۔اس کے بعد بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری جو کہ خرم شہزاد کے حصے میں آئی۔پہلے سیشن کے اختتام پر بنگلہ دیش نے 3 وکٹ کے نقصان پر 101 رنز بنائے ۔
بعدازاں دوسرے سیشن میں بھی پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی بیٹرز کو آؤٹ کرنے کا سلسلہ جاری رہا اور چائے کے وقفے تک ہوم ٹیم کے 6 کھلاڑی 168 رنز تک پویلین لوٹ چکے تھے ،تاہم تیسرے سیشن میں لٹن داس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے سنچری بناتے ہوئے 126 رنز کی اننگز کھیلی ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے داس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسنن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔پہلے دن کے اختتام تک پاکستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 21 رنز بنالیے ۔ اوپنرز اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل بالترتیب 13 اور 8 رنز کے ساتھ آج دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کرینگے ۔یاد رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ بنگلہ دیش نے جیتا تھا۔