غزہ فلوٹیلاکے 430کارکن اسرائیلی قید سے رہا

غزہ فلوٹیلاکے 430کارکن اسرائیلی قید سے رہا

سعد ایدھی سمیت تمام غیرملکی کارکن ترکیہ پہنچ گئے ،اسحاق ڈار کی تصدیق دنیا فلوٹیلا کارکنوں سے اسرائیلی بدسلوکی کا نوٹس لے ،ترجمان دفتر خارجہ

تل ابیب،انقرہ (اے ایف پی،دنیا نیوز) اسرائیل نے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا سے گرفتار کیے گئے تمام 430غیر ملکی کارکنوں کو رہا کر دیا۔ سعد ایدھی سمیت فلوٹیلا کے تمام رضاکار رہائی کے بعد ترکیہ پہنچ گئے ۔ترکیہ نے کئی ممالک کے شہریوں کی واپسی کیلئے تین خصوصی چارٹر پروازیں اسرائیل روانہ کی تھیں ۔ ترک وزیر خارجہ فیدان کے مطابق 400 سے زائد افراد کو ترکیہ لایا گیا ہے ۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ سعد ایدھی سمیت دیگر غیرملکی کارکن باحفاظت ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے امدادی کارکنوں کی باحفاظت استنبول آمد یقینی بنانے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے عہدیدار سعد ایدھی نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسرائیل سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد ترکیہ پہنچ چکے ہیں۔ ایک ویڈیو پیغام میں سعد ایدھی نے کہا کہ چار دن تک ہم اسرائیل کا تشدد سہتے رہے ۔اٹلی، سپین اور آئرلینڈ نے غزہ فلوٹیلا کے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی پر اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے خلاف یورپی یونین سے پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ترجمان دفترِ خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور مبینہ بدسلوکی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اورکہا ہے دنیا فلوٹیلا کارکنوں سے اسرائیلی بدسلوکی کا نوٹس لے ۔ترجمان کے مطابق حکومتِ پاکستان نے اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی سمندری حدود میں گلوبل صمود فلوٹیلا کی غیر قانونی روک تھام اور اس پر موجود کارکنوں کی جبری حراست کو شدید ترین الفاظ میں مسترد کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں