اسرائیلی و لبنانی فوجی وفود کے درمیان واشنگٹن میں مذاکرات

اسرائیلی و لبنانی فوجی وفود کے درمیان واشنگٹن میں مذاکرات

بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی:امریکا اسرائیلی بمباری ، لبنان میں 11 افراد شہید ،حزب اللہ کے راکٹ حملے

واشنگٹن(اے ایف پی)امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں اسرائیل اور لبنان کے فوجی وفود کے درمیان سکیو رٹی امور پر مذاکرات ہوئے ، جنہیں امریکی حکام نے مثبت قرار دیا ہے ۔ امریکی محکمہ دفاع کے اعلیٰ عہدیدار ایلبرج کولبی کے مطابق پینٹاگون میں ہونے والی یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان جاری امن مذاکرات کا حصہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی قیادت میں ہونے والے سیاسی مذاکرات کیلئے راہ ہموار کریں گے۔ امریکی حکام کے مطابق بات چیت خطے میں کشیدگی کم کرنے اور دیرپا امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

لبنان کے جنوبی شہر صور کے تین مختلف علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 11 افراد شہید ہو گئے جن میں ایک امدادی کارکن اور ایک شامی شہری بھی شامل ہیں۔آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ۔ اسرائیلی ڈرون حملے میں دو لبنانی فوجی شدید زخمی ہو گئے ۔ فوج کے مطابق حملہ نبطیہ شہر کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل کے شہر کریات شمونہ پر راکٹوں کی بارش کی ہے ،بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کے ردعمل کے طور پر کیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں