آپریشن سندور ٹو کی تیاری کر رہے :بھارتی آرمی چیف کی دھمکی
فوجی تیاری برقرار ، موجودہ صورتحال عارضی جنگ بندی ہے :جنرل اوپیندر اس وقت ہم تینوں افواج کو جنگی تقاضوں کے مطابق تیار کرنے پر کام کر رہے فضائیہ ، بحریہ بھی مکمل تیار،ضرورت پڑی تو نیا آپریشن شروع کیا جا سکتا:گفتگو
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے ہفتے کو کہا ہے کہ بھارت آپریشن سندور ٹو کی تیاری کر رہا ہے ،فوجی تیاری برقرار ہے ۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انہوں نے خبر رساں ادارے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کو عارضی جنگ بندی قرار دیا۔جنرل دویدی نے براہِ راست پاکستان کا نام لیے بغیر کہا کہ بھارتی فوج مکمل طور پر تیار ہے اور اگر ضرورت پڑی تو نیا آپریشن شروع کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف فوج ہی نہیں بلکہ فضائیہ اور بحریہ بھی مکمل تیاری میں ہیں۔ تینوں افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کی جنگی صورتحال کے لیے ہر وقت تیار رہا جا سکے ۔جنرل دویدی کا کہنا تھا کہ انڈین فوج اور تینوں مسلح افواج آپریشن سندور ٹو کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔ اس وقت ہم تینوں افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ جنگی تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔