دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنا پاکستان کی ترجیح :محسن نقوی

 دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنا پاکستان کی ترجیح :محسن نقوی

ہمیں پرامن دنیا کی جانب بڑھنا ہے ، سرحدوں کی حفاظت کرنا ضروری ہے چیلنجز مشترکہ ، کاوشیں بھی اجتماعی ہونی چاہئیں،او آئی سی اجلاس سے خطاب

بشکیک (دنیا نیوز)وفا قی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں پرامن دنیا کی جانب بڑھنا ہے ، اس کے لیے سرحدوں کی حفاظت ضروری ہے ۔کرغزستان کے دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے داخلہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے اقدامات ضروری ہیں، بارڈر سکیورٹی کے لیے ایس سی او کا پلیٹ فارم اہم ہے ، پاکستان ہر ملک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے ، ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہے ، بارڈر سکیورٹی سرحدی جرائم کی روک تھام کیلئے بہت اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خطے کو سنگین اور پیچیدہ سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنا پاکستان کی اہم ترجیحات میں شامل ہے ، پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ نظام میں اصلاحات کی ہیں اور پاکستان کا مضبوط اینٹی منی لانڈرنگ فریم ورک فعال کردار ادا کر رہا ہے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد مالی نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے مضبوط علاقائی تعاون ناگزیر ہے ، ہمارے چیلنجز مشترکہ ہیں، اس لیے ہماری کاوشیں بھی اجتماعی اور مربوط ہونی چاہئیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پرامن اور محفوظ ایس سی او خطہ ہماری مشترکہ کوششوں کا ہدف ہے ،ہم 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ایس سی او سمٹ میں شرکا کے استقبال کے منتظر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں