غیرقانونی امیگریشن ،منشیات کیخلاف پاک روس معاہدے
محسن نقوی کی بشکیک میں روسی ہم منصب سے ملاقات کے موقع پر دستخط تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان ، قازقستان کے وزرائے داخلہ سے بھی ملے
بشکیک(اے پی پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے روس، تاجکستان، ازبکستان، کرغزستان اور قازقستان کے وزرائے داخلہ کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر بشکیک میں خطے میں سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور نقل مکانی کے بہتر انتظام کے حوالے سے اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان دہشت گردی، منشیات کی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی سمیت مشترکہ سکیورٹی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے بڑھتے ہوئے اتفاق رائے کو اجاگر کیا گیا۔سب سے اہم پیش رفت وفاقی وزیر محسن نقوی کی روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف کے ساتھ ملاقات میں سامنے آئی۔ فریقین نے کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے ۔معاہدوں میں غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے تعاون بڑھانے ، کسی بھی ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم شہریوں کی وطن واپسی کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور منشیات کی سمگلنگ اور منشیات کے پھیلا ئو کو روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔حکام نے ان معاہدوں کو اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان مضبوط قانون نافذ کرنے والے تعاون کی تعمیر کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔
تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان رحیم زادہ سے گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرا نے افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے کیمپوں کی موجودگی اور منشیات کی پیداوار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرات سے تعبیر کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ازبکستان کے وزیر داخلہ میجر جنرل عزیز تاشپولاتوف سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے ، مشترکہ تربیتی پروگراموں کو وسعت دینے اور ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی اور ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔محسن نقوی نے کرغزستان کے وزیر داخلہ نیاز بیک اولان اوموکانووچ سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنما ئوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔ قازقستان کے وزیر داخلہ یرژان سادینوف کے ساتھ اپنی ملاقات میں محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرا نے پائیدار تعاون کو فروغ دینے اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی متعلقہ وزارتوں کے درمیان ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔