اسرائیل کے حملے ،3لبنانی فوجی اور8فلسطینی شہری شہید

اسرائیل کے حملے ،3لبنانی فوجی اور8فلسطینی شہری شہید

خردالی نبطیہ سڑک پر اسرائیلی فوج نے لبنانی فوج کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا غزہ میں شادی تقریب پر میزائل حملہ،7افرادشہید، شیرخوار بچہ بھی نشانہ

بیروت (اے ایف پی)جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 3لبنانی فوجی اورغزہ میں شادی کی تقریب پر میزائل حملے سمیت دیگر کارروائیوں کے دوران ایک فلسطینی شیر خوار سمیت 8فلسطینی شہری شہید ہوگئے ۔ لبنانی فوج نے ایکس پر جاری بیان میں کہا  کہ خردالی نبطیہ سڑک پر ایک فوجی گاڑی کو اسرائیلی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت متعدد فوجی شہید ہوئے ، بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد 3 بتائی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ نشانہ بنائی گئی گاڑی ایک ایسے علاقے میں مشتبہ انداز میں نقل و حرکت کر رہی تھی جسے فعال جنگی زون قرار دے کر خالی کرایا گیا تھا،واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف غزہ سٹی میں شادی کی تقریب کے دوران اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا، کیمپ کے اندر 2میزائل گرے۔

جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 7 فلسطینی شہید جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں اور شہداء کو فوری طور پر الشفا ہسپتال اور قریبی فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔دوسری طرف مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی حصے میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 7 ماہ کا فلسطینی بچہ شہید جبکہ اس کے والدین زخمی ہو گئے ۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام جنوبی شہر الخلیل کے قریب پیش آیا، جہاں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے سام فہد ابو ہیقال نامی شیرخوار بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کے والدین معمولی زخمی ہوئے ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں