امریکا کامنجمد ایرانی اثاثے خلیجی ممالک کو دینے پر غور
اثاثوں کو خلیجی ممالک میں تباہی اور نقصانات کی مرمت کیلئے استعمال کیا جائے گا
واشنگٹن،دبئی(رائٹرز)امریکا مبینہ طور پر اس بات پر غور کر رہا ہے کہ ایران کے منجمد یا دستیاب اثاثوں کو خلیجی ممالک میں تباہی اور نقصانات کی مرمت اور تعمیرِ نو کیلئے استعمال کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے ایک ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان نقصانات کا تخمینہ لگائے جو ایران کی کارروائیوں کے باعث امریکی اتحادی خلیجی ممالک کو پہنچے ہیں۔ان اقدامات پر غور ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان محدود جنگ بندی بھی بار بار چیلنج کی جا رہی ہے جبکہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات تعطل کا شکار ہیں اور دونوں فریق توانائی، تیل کی برآمدات اور منجمد مالی اثاثوں جیسے اہم مسائل پر اختلافات رکھتے ہیں۔