اہم امریکی قانون ختم،فٹبال ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی خدشات

اہم امریکی قانون ختم،فٹبال  ورلڈ کپ کیلئے سکیورٹی خدشات

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکا میں ایک اہم انٹیلی جنس اور نگرانی سے متعلق قانونی اختیار گزشتہ روز ختم ہو گیا، جس کے بعد ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ہی قومی سلامتی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ قانون جسے سیکشن 702 آف دی فارن انٹیلی جنس سرویلنس ایکٹ کہا جاتا ہے ، امریکی انٹیلی جنس اداروں کو بیرونِ ملک موجود غیر ملکی اہداف کی مواصلاتی نگرانی کی اجازت دیتا تھا حتیٰ کہ جب وہ افراد امریکا میں موجود لوگوں سے رابطہ کریں۔حکام کے مطابق یہ پروگرام انسدادِ دہشت گردی اور جاسوسی کیلئے ایک اہم ترین ذریعہ تھا تاہم انسانی حقوق اور پرائیویسی کے حامی طویل عرصے سے اس پر تنقید کرتے رہے ہیں کہ اس کے ذریعے امریکی شہریوں کی نجی گفتگو بھی بغیر مناسب نگرانی کے ریکارڈ ہو سکتی ہے ۔یہ اختیار جمعہ کی رات سے ہفتے کے آغاز پر اس وقت ختم ہوا جب امریکی کانگریس کے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ نے اس کی عارضی توسیع منظور کرنے میں ناکامی ظاہر کی۔یہ صورتحال ایسے وقت میں پیش آئی ہے جب امریکا کینیڈا اور میکسیکو کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے اور لاکھوں غیر ملکی شائقین مختلف شہروں میں میچز دیکھنے کیلئے پہنچ رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس پر زور دیا تھا کہ اس پروگرام کو خصوصاً ورلڈ کپ اور امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے تناظر میں جاری رکھا جائے ۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران دہشت گردی کی روک تھام ادارے کی اولین ترجیح ہے ۔قانون کی مدت ختم ہونے کے باوجود اس کے عملی اثرات ابھی واضح نہیں ہیں کیونکہ بعض نگرانی کے اختیارات ابھی مارچ 2027 تک عدالت کی منظوری کے تحت برقرار رہ سکتے ہیں۔تاہم سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے سینئر رکن سینیٹر مارک وارنر نے کہا ہے کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کمپنیاں قانونی تحفظ نہ ہونے کی صورت میں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے سے ہچکچا سکتی ہیں۔انہوں نے صورتحال کو ’’ایک زندہ دستی بم‘‘سے تشبیہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ورلڈ کپ کے دوران کوئی واقعہ پیش آیا تو اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔کانگریس کے تعطیل پر ہونے کے باعث اس قانون کی فوری بحالی کا کوئی واضح امکان موجود نہیں، جس سے امریکا کی سکیورٹی پالیسی ایک غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں