پولینڈ:پرانے گھر کے باغ سے 34 انسانی جنین برآمد، خاتون ڈاکٹر گرفتار
وارسا(اے ایف پی)پولینڈ کے گاؤں لوٹوریز میں ایک خاتون ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے ، اس کے سابقہ گھر کے باغ سے 34 انسانی جنین(رحم مادر کا بچہ)دفن حالت میں برآمد ہوئے ۔57 سالہ ماہر پیتھالوجی ڈاکٹر ماگدالینا ایچ کا کوئی۔ ۔
سابقہ مجرمانہ ریکارڈ نہیں، تاہم شبہ ہے کہ وہ ان انسانی جنین کو تجربات کیلئے استعمال کرتی تھی اور اب اسے 12 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے ۔یہ کیس پولینڈ میں شدید ردعمل کا باعث بنا ہے ، جو ایک سخت کیتھولک ملک ہے اور جہاں اسقاطِ حمل کے قوانین یورپ میں سب سے زیادہ سخت سمجھے جاتے ہیں۔ پراسیکیوٹر دفتر کے ترجمان نے کہا ہے کہ فی الحال اس بات کے کوئی شواہد نہیں کہ یہ جنین غیر قانونی اسقاطِ حمل کے ذریعے حاصل کئے گئے ہوں۔ڈاکٹر پر لاشوں کی بے حرمتی، خطرناک فضلہ غلط طریقے سے ٹھکانے لگانے اور غیر مجاز جگہ پر مضر مواد چھوڑنے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔