بھارتی ریاست بہار میں عامر خان کیخلاف احتجاج،لو جہاد کا الزام

بھارتی ریاست بہار میں عامر خان کیخلاف احتجاج،لو جہاد کا الزام

بجرنگ دل کے کارکنوں کا گوری سے تعلقات اور شادی پر حکومتی مداخلت کا مطالبہ اداکارکا انتخاب سماج کی توہین، وہ ہمیشہ ہندو عورتوں میں پیار کیوں پاتا ؟ منوج سونی

پٹنہ (اے پی پی)بھارتی ریاست بہار میں بجرنگ دل کے کارکنوں نے ضلع ارریہ کے علاقے فوربس گنج میں احتجاج کرتے ہوئے اداکار عامر خان کے گوری سپراٹ سے تعلقات اور شادی پر لو جہاد کا الزام لگاتے ہوئے انکا پتلا نذرآتش کردیا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق زعفرانی سکارف پہنے مظاہرین نے اداکار کیخلاف نعرے لگائے اور ان پر الزام لگایا کہ وہ بار بار ہندو خواتین سے شادی کر رہے ہیں۔بجرنگ دل کے رہنما منوج سونی نے ویڈیو بیان میں حکومتی مداخلت کا مطالبہ کرتے کہا اداکارکا انتخاب ہندو سماج کی توہین ہے ۔ وہ ہمیشہ ہندو عورتوں میں پیار کیوں پاتا ہے ؟ اپنی برادری میں کیوں نہیں؟مظاہرے میں شامل ایک خاتون نے کہا وہ سچا مسلمان ہوتا تو مسلمان عورتوں سے شادی کرتا۔سوشل میڈیا پران بیانات پر تنقید کی جارہی ہے ۔

شہری حقوق کے حامیوں کا کہنا ہے کہ رضامندی سے بالغوں کی شادی ذاتی معاملہ ہے جسکی آئین اور بالخصوص میرج ایکٹ میں اجازت دی گئی ہے ۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ کوئی بھی قانون  بین المذاہب شادیوں پر پابندی نہیں لگاتا۔عامر خان اور گوری سپراٹ نے ان الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا اورنہ قانونی کارروائی کا اعلان کیاہے ۔لو جہاد کی اصطلاح ہندو انتہاپسند تنظیمیں ان مسلمانوں کیلئے استعمال کرتی ہیں جو ہندو خواتین سے شادی کرتے ہیں ۔ہندو انتہاپسند اسے تبدیلی مذہب کی منظم سازش قراردیتے ہیں جبکہ ناقدین کا کہنا ہے کہ منظم تبدیلی مذہب کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیاجارہا بلکہ یہ اصطلاح فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے کیلئے استعمال کی جارہی ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں