فرانس : ہنگاموں سے نمٹنے کیلئے کرفیو نافذ، دنیا کا سب سے بڑا میوزیم بند
پیرس کے متعدد علاقوں میں مظاہروں پر پابندی عائد ، فرانسیسی صدر کاسکیورٹی انتظامات ، انٹیلی جنس میں ناکامیوں کا اعتراف دکانیں وقت سے پہلے بند ،پولیس کا سڑکوں پر گشت،ہنگاموں کے باوجود صدر کا دورہ خلیجی ممالک ،وزیر داخلہ کا استعفیٰ مسترد
پیرس ( نیوز ایجنسیاں ) فرانس میں بدترین ہنگاموں کے بعد حکومت نے پیرس سمیت چار شہروں میں کرفیو نافذ کر دیا ، پیرس پولیس کے مطابق دارالحکومت کے کئی علاقوں میں جزوی کرفیو پیر کی رات 11 بجے سے منگل کی صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔پولیس نے پیر کی رات 8 بجے سے منگل کی صبح 6 بجے تک پیرس کے متعدد علاقوں میں مظاہروں پر بھی پابندی عائد کردی ہے ۔ مظاہرین نے پیر کو پیرس کے لوور میوزیم کے داخلی راستے بند کردئیے ، جس کے باعث دنیا کے مشہور میوزیم کو مقررہ وقت پر کھولا نہ جاسکا۔ میوزیم انتظامیہ کے مطابق احتجاج کی قیادت لوور سکول کے طلبا کررہے تھے ۔ میوزیم کے باہر آویزاں ایک پمفلٹ پر لکھا تھا ہم فخر سے اعلان کرتے ہیں کہ ہم دنیا کے سب سے بڑے میوزیم کو بند کررہے ہیں۔
صدر ایمانوئل میکخواں نے سکیورٹی انتظامات اور انٹیلی جنس میں ناکامیوں کا اعتراف کیا ہے ، تاہم وزیر داخلہ لوراں نونیز کا استعفیٰ مسترد کردیا۔ بڑے پیمانے پر لوٹ مار اور آتش زنی کے واقعات کے بعد حزب اختلاف کے بعض سیاستدانوں نے وزیر داخلہ نونیز کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیر داخلہ نے اتوار کو صدر کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ہنگاموں کے باوجود صدر ایمانوئل میکخواں نے خلیجی ممالک کا دورہ شروع کردیا ہے ، جس کا مقصد تیل اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانا اور قیمتوں میں کمی لانے کی کوشش کرنا ہے ۔ وہ پہلے مرحلے میں کویت پہنچے ۔دوسری جانب میلان میں مسلسل دو روز کے احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں، دکانوں میں لوٹ مار اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات کے بعد مزید ہنگاموں کے خدشے پر شہر کے وسطی علاقے میں دکانیں پیر کو وقت سے پہلے بند کردی گئیں اور ان کی کھڑکیوں پر حفاظتی تختے لگا دئیے گئے۔
میلان کے لگژری شاپنگ علاقے ویا مونٹے ناپولیونے میں واقع بیشتر دکانوں نے احتیاطی تدبیر کے طور پر اپنی کھڑکیوں سے سامان ہٹا لیا۔ اس علاقے میں چینل، ٹفنی اور ڈائر جیسے معروف برانڈز کی دکانیں موجود ہیں۔ پولیس سڑکوں پر گشت کرتی رہی۔ فرانس کے وزیراعظم سیباستین لکورنو نے بائیں بازو کی انتہاپسند تحریک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل ملک بھر میں بڑے پیمانے پر بدامنی پھیلانے کی کوشش کررہی ہے ۔ فرانس کی یلو ویسٹ تحریک نے مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج اور پرتشدد واقعات کے بعد 24 اکتوبر کو مظاہروں کے دوسرے مرحلے کا اعلان کردیا۔ تحریک نے اپنی ویب سائٹ پر ملک بھر میں مجوزہ مظاہروں کا نقشہ بھی جاری کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments