ریاض کی جانب داغے گئے 2حوثی میزائل فضا میں ہی تباہ
یمن کے مغربی صوبے تعز میں سعودی فضائی حملے ، 12 افراد جاں بحق سعودی وزیر دفاع کا کویتی ہم منصب سے رابطہ،خطے کی صورتحال پر گفتگو
ریاض،صنعا (اے ایف پی)سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے جمعرات کو دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دئیے ۔میزائلوں کو تباہ کیے جانے سے کچھ ہی دیر قبل سعودی دارالحکومت میں آٹھ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ۔ سعودی حکام نے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں دی ۔ اس سے قبل سعودی حکام نے موبائل فون پر انتباہی پیغام جاری کرتے ہوئے شہر کو فضائی حملے کے خطرے سے دوچار قرار دیا تھا۔سعودی شہری دفاع نے ریاض، الخرج اور جنوبی شہر نجران میں ممکنہ خطرے سے متعلق انتباہات جاری کیے ، جنہیں کچھ ہی دیر بعد واپس لے لیا گیا۔ دوسری جانب یمن کے مغربی صوبے تعز میں سعودی فضائی حملے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے ۔ادھر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے کویتی ہم منصب شیخ عبداللہ الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔گفتگو کے دوران سعودی عرب اور کویت کے درمیان دفاعی شعبے میں تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments