جوہری حملے کا خدشہ، ایرانی شہریوں کیلئے حفاظتی ہدایات جاری
اصفہان ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے ایٹمی دھماکے سے متعلق آگاہی ویڈیو جاری کی ہنگامی صورتحال میں افواہوں کے بجائے ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں:حکام
تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے سرکاری میڈیا نے شہریوں کو ممکنہ جوہری حملے اور تابکار شعاعوں کے خطرات سے محفوظ رہنے کیلئے ہنگامی حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔ شہریوں کو عمارتوں کے اندر پناہ لینے ، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے ۔ ایرانی حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں افواہوں پر توجہ دینے کے بجائے سرکاری اعلانات اور طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں۔ امریکی ذرائع ابلاغ میں ایسی اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اسرائیلی وزیراعظم ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی کیلئے امریکی صدر پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ امریکی تجزیہ کار ٹکر کارلسن نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے پر زور دے رہے ہیں، ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے اصفہان ہلال احمر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ابراہیم عادل زادہ کا انٹرویو نشر کیا ہے ، جس میں انہوں نے جوہری حادثے یا تابکار آلودگی کی صورت میں شہریوں کو اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ابراہیم عادل زادہ نے کہا کہ اگر حکام شہریوں کو گھروں یا عمارتوں کے اندر رہنے کی ہدایت دیں تو دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں اور ایسے میں وینٹیلیشن سسٹم بند کردیں جو باہر کی ہوا عمارت کے اندر لاتے ہیں۔ پناہ لینے کیلئے تہ خانہ یا عمارت کا درمیانی حصہ زیادہ موزوں ہوسکتا ہے ، جہاں کھڑکیاں موجود نہ ہوں یا ان سے مناسب فاصلہ ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ شدید دھماکے کی صورت میں اس کی روشنی کی جانب براہ راست نہ دیکھیں بلکہ زمین کے قریب رہتے ہوئے کسی مضبوط رکاوٹ کے پیچھے پناہ لیں۔
تابکار گردوغبار سے متاثر ہونے کا شبہ ہو تو بیرونی کپڑے احتیاط سے اتار کر بند تھیلے میں رکھیں اور دوسروں سے دور کردیں۔ اس کے بعد جلد اور بالوں کو نیم گرم پانی اور صابن سے دھونا آلودگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے ۔ تاہم جسم کو رگڑنے سے گریز کرنا چاہیے ۔عادل زادہ کے مطابق اگر حکام انخلا کا حکم دیں تو شہری اپنی مرضی سے راستے اختیار کرنے کے بجائے مقررہ محفوظ راستوں پر عمل کریں۔ گاڑی میں سفر کے دوران کھڑکیاں بند رکھیں اور ہوا کے نظام کو اندرونی گردش پر رکھیں تاکہ باہر کی آلودہ ہوا گاڑی میں داخل نہ ہو۔ گردوغبار والے ماحول میں ناک اور منہ کو کپڑے سے ڈھانپنا بھی مفید احتیاط ہوسکتی ہے ۔ادھر اصفہان کے پری ہاسپٹل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ نے بھی جوہری دھماکے اور تابکار آلودگی سے متعلق آگاہی ویڈیو جاری کی ہے ۔ شعبہ تعلقات عامہ کے عہدیدار عباس عابدی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ طبی حکام کی ہدایت کے بغیر آیوڈین کی گولیاں استعمال نہ کریں۔ ان کے مطابق مخصوص حالات میں پوٹاشیم آیوڈائیڈ تھائیرائیڈ غدود میں تابکار آیوڈین کے جذب ہونے کو کم کرسکتی ہے ، تاہم یہ دیگر تابکار مادوں یا دھماکے کی شعاعوں سے تحفظ نہیں دیتی۔اسی طرح تابکار سیزیم سے آلودگی کی بعض صورتوں میں دوا پروشین بلیو ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کی جاسکتی ہے ، تاہم یہ آیوڈین کا متبادل نہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments