امریکی وزیر دفاع نے اپنی سرزنش پر فوجی کو تمغے سے نواز دیا
اہلکار نے نامعلوم فوجی کی قبر پر گفتگو اور ہنسی مذاق سے روک دیا تھا ہم فوجیوں سے محبت اور نظم و ضبط کو اہمیت دیتے ہیں:پیٹ ہیگستھ
واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے آرلنگٹن نیشنل قبرستان میں نامعلوم فوجی کی قبر کے قریب گفتگو اور ہنسی مذاق پر انہیں خاموش رہنے کی ہدایت دینے والے فوجی اہلکار کو تمغے سے نواز دیا۔پینٹاگون کے ایک عہدیدار کے مطابق ہیگستھ نے جمعرات کو اسپیشلسٹ تھامس ایگلیسیاس کو 11 نومبر کو نامعلوم فوجی کی قبر پر اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے پر جوائنٹ سروس کمنڈیشن میڈل دیا۔ہیگستھ کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر جاری تصاویر میں انہیں فوجی کی وردی پر تمغہ لگاتے اور اس سے مصافحہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔ تصاویر کے ساتھ پیغام میں کہا گیا کہ ہم فوجیوں سے محبت کرتے ہیں، ہم اعلیٰ معیار اور نظم و ضبط کو اہمیت دیتے ہیں۔ شاباش اسپیشلسٹ!،یہ واقعہ بدھ کو یوم سابق فوجیوں کی تقریب کے بعد پیش آیا تھا، جب ہیگستھ اور ان کے وفد کے ارکان نامعلوم فوجی کی قبر کے قریب تصاویر بنوا رہے تھے ۔ امریکی ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ اس دوران ہنسی اور گفتگو کی آوازیں سنائی دیں تو وہاں تعینات فوجی سنتری نے بلند آواز میں کہاتمام افراد خاموشی اور احترام کا ماحول برقرار رکھیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments