بحرین :امریکی فوجی اڈے پر ایران کا میزائل اور ڈرون حملہ،دھماکے
دفاعی نظام کا ریڈار نشانہ بنایا :پاسداران ،سعودیہ کی بحرین پر حملوں کی مذمت،ایران کا اسرائیلی ڈرون مار گرانے کا دعویٰ ریاض ایئر پورٹ پر داغے گئے 2 میزائل تباہ ،یمنی حوثیوں کا عبوری دارالحکومت عدن پرحملہ ،8افرادجاں بحق ، پیش قدمی
تہران،منامہ ،ریاض،صنعا(نیوز ایجنسیاں ) ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین میں الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر موجود امریکی فضائی دفاعی نظام کے ریڈار کو 6 ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا ہے ۔بحرینی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا۔اے ایف پی کے مطابق اتوار کو علی الصبح بحرین میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، امریکی حکام نے تاحال ان اطلاعات پر کوئی ردعمل نہیں دیا ۔سعودی وزارتِ خارجہ نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض بحرین کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کیلئے اس کے ساتھ کھڑا ہے ۔ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک اسرائیلی ڈرون ’’آربیٹر 4‘‘ مار گرایا ہے ۔ڈرون کا ملبہ نہاوند کے پہاڑی علاقے سے برآمد کیا گیا۔پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والا سپر ٹینکر ڈوب گیا، ایک اور جہاز بھی بارودی سرنگ کا نشانہ بنا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے کے ساتھ تعلقات کی موجودہ نوعیت میں اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں آئے گی جب تک ایجنسی ایران کی جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں امریکا اور اسرائیل کے کردار کو تسلیم نہیں کرتی۔ ایجنسی کے انسپکٹرز کے حالیہ دورے صرف بوشہر جوہری تنصیبات تک محدود تھے ۔
اسماعیل بقائی نے کہا ہم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اپنے خلاف ہونے والے کسی بھی حملے کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑیں گے ،ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف کوئی نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ اور مقام ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔نئی جنگ کا دھواں بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں جائے گا۔ایران کے مغربی علاقے میں گیس ریفائنری کے ملازمین کو لے جانے والی بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے ۔ دوسری جانب سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں واقع شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب داغے گئے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو دو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے ۔حوثی ترجمان یحیی سریع کے مطابق سعودی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کے آئل پمپنگ سٹیشن نمبر پانچ اور چھ کو بھی دو ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا۔یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے اعلان کیا تھا کہ مکہ اور مدینہ کے علاقوں کی جانب آنے والے تین ڈرونز کو تباہ کر دیا ۔
ریاض میں امریکی سفارت خانے نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔یمن کے حوثی باغیوں نے زیر حراست حکومتی فورسز کے 600 اہلکار رہا کر دئیے ۔علاوہ ازیں یمن میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 8 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے ، سرکاری فوج نے عدن کے دفاع کیلئے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں سے پسپائی اختیار کرلی۔ فوج نے بیان میں کہا ہے کہ عدن اور ملحقہ صوبوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ادھر یمن میں حوثی باغیوں نے عبوری دارالحکومت عدن کی جانب پیش قدمی تیز کر دی ہے اور شہر سے صرف 60 کلومیٹر دور پہنچ گئے ہیں۔ فوجی اور حکومتی ذرائع کے مطابق باغیوں نے صوبہ لحج کے دو اضلاع پر قبضہ کر لیا ہے ، جس کے بعد سرکاری فورسز نے عدن کے دفاع کیلئے تیاریاں شروع کر دیں۔ حوثیوں نے الخرز کیمپ اور پہاڑی علاقے المقاطرہ پر بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے ۔ یمنی حکومت نے بحیرہ احمر کے قریبی علاقوں سے فوجیں واپس بلا کر عدن اور ملحقہ صوبوں میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments