ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں آج، وژن 2035 کی منظوری متوقع
اسلام آباد: (دنیا نیوز) ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا جس میں ای سی او وژن 2035 کے ڈرافٹ کی منظوری کا امکان ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی زیر غور ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں شرکت کے لیے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، ترکیہ، آذربائیجان، قازقستان کے نائب وزرائے خارجہ بھی پہنچ چکے ہیں، ترکمانستان کے وزیر خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل بھی آ گئے ہیں، قبرص کے وزیر خارجہ تحسین ارطغرل اوغلو بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے، ای سی او وژن 2035 کا ڈرافٹ تیار ہو چکا ہے جس کی وزرائے خارجہ کونسل سے آج منظوری متوقع ہے، اسلام آباد اعلامیہ کی بھی منظوری کا امکان ہے۔
اجلاس میں پاکستان ای سی او تجارتی معاہدے پر بامعنی بات چیت اور ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک کو آگے بڑھائے گا، معاہدوں پر عمل درآمد سے تجارتی رکاوٹیں کم ہوں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس کے دوران رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ، علاقائی رابطہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
خیال رہے کہ غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں، پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments