روس 2027ء کی عالمی جونیئر آئس ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرسکے گا
اوٹاوا: (دنیا نیوز) روس 2027ء کی عالمی جونیئر آئس ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کرسکے گا، کینیڈا نے یوکرین جنگ کے تناظر میں روسی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کے ملک میں داخلے پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ متبادل انتظامات پر غور کے باوجود ٹورنامنٹ کی میزبانی کینیڈا ہی کرے گا، چیمپئن شپ 26 دسمبر 2026ء سے 5 جنوری 2027ء تک کینیڈا کے شہروں ایڈمنٹن اور ریڈ ڈیئر میں منعقد ہوگی۔
کینیڈا کے وزیر مملکت برائے کھیل ایڈم وان کوورڈن کے مطابق روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں اور عہدیداروں کو مقابلوں میں شرکت کیلئے کینیڈا میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، چاہے ان کے پاس درست ویزے ہی کیوں نہ موجود ہوں، اس فیصلے کے تحت دونوں ممالک کے کھلاڑی اور حکام ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ روس کی جانب سے 2022ء میں یوکرین پر حملے کے بعد انٹرنیشنل آئس ہاکی فیڈریشن نے روس اور بیلاروس کی ٹیموں کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کردیا تھا، پابندیوں کے باعث دونوں ممالک کی ٹیمیں عالمی آئس ہاکی مقابلوں میں شرکت سے محروم ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments