امریکا میں فضائی آپریشن تیسرے روز بھی متاثر، 5 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں فضائی آپریشن مسلسل تیسرے روز بھی شدید متاثر رہا، جہاں مزید 5 ہزار 200 سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

فضائی ڈیٹا فراہم کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 600 سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 3 ہزار 600 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے جمعے کے روز تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روک دی تھی۔

اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً پانچ گھنٹے تک فضائی آپریشن معطل رہا، 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد یہ امریکا میں فضائی سفر کی طویل ترین ملک گیر معطلی تھی۔

حکام کے مطابق آرکنساس کے شہر ایل ڈوراڈو میں ایک راؤٹر کی تبدیلی کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی نے ٹیکساس کے شہر امریلو سمیت دیگر فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کے مواصلاتی نظام کو متاثر کیا۔

اس خرابی کے باعث فضائی ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے امید ظاہر کی ہے کہ آج فضائی آپریشن معمول پر آ جائیں گے، تاہم مسلسل تیسرے روز بھی پروازوں کی منسوخی اور تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ تکنیکی خرابی کے اثرات بدستور برقرار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...