شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 12 روزہ عالمی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں 45واں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر بارہ روز تک جاری رہنے والی عالمی ادبی، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا۔
ایکسپو سینٹر شارجہ میں 4 سے 15 نومبر تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی کتاب میلے میں 126 ممالک کے 3 ہزار 212 ناشرین اور نمائش کنندگان نے شرکت کی، جبکہ تقریباً 17 لاکھ کتابوں کے عنوانات پیش کیے گئے۔
شارجہ بک اتھارٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ میلے میں 1500 ثقافتی، ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں 25 ممالک سے تعلق رکھنے والی 106 ادبی و تخلیقی شخصیات شریک ہوئیں، سلطنت عمان کو اس سال میلے کے مہمانِ خصوصی ملک کا اعزاز حاصل تھا۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر کے دوران شارجہ پبلشنگ سٹی فری زون نے ناشرین کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے اپنے ڈیجیٹل پبلشرز پلیٹ فارم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق کتاب میلے میں فری زون کی 9 رجسٹرڈ کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں چار کمپنیوں نے اشاعتی خدمات، طباعت، مواد کی تیاری اور کتابوں کی تقسیم سے متعلق سہولیات پیش کیں، جبکہ پانچ اشاعتی اداروں نے اپنی کتابیں اور مطبوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔
نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ناشرین کو کتابوں کے اشاعتی حقوق کی خریدوفروخت، مطبوعات کی آن لائن نمائش اور بین الاقوامی کتاب میلوں میں ورچوئل شرکت کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
شارجہ پبلشنگ سٹی فری زون کے ڈائریکٹر سیف السویدی نے کہا کہ مربوط اشاعتی خدمات تک رسائی ناشرین کو اپنے کاروبار کو ترقی دینے اور نئی عالمی منڈیوں تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتی ہے، ادارے کا مقصد ایسا کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے جہاں ناشرین کو ضروری خدمات، مہارت، جدید سہولیات اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے مواقع ایک ہی جگہ دستیاب ہوں تاکہ وہ اپنے وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے پائیدار کاروبار قائم کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر مختلف ممالک کے ناشرین کی ضروریات کو سمجھنے، نئے کاروباری تعلقات قائم کرنے اور قارئین سے براہِ راست رابطے کا اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
کتاب میلے میں شارجہ پبلشنگ سٹی فری زون کے تحت لغتی بک اسٹور، لائٹننگ سورس، فراسٹ فیدر میڈیا اور بگ بیڈ وولف نے اشاعتی خدمات پیش کیں، جبکہ رفاہ، صحوب پبلشنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن، دار المحتوی العربی، وائی زیڈ نیس پبلشنگ ہاؤس اور سن آف ٹالرنس فار پبلشنگ اینڈ ڈسٹری بیوشن نے اپنی مطبوعات متعارف کروائیں۔
صحوب پبلشنگ نے آٹزم سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کے لیے تعلیمی کتابیں پیش کیں، جبکہ دیگر اداروں نے بچوں کی تخلیقی تعلیم، ثقافت، ادب اور جدید اشاعتی مواد کو نمایاں کیا، بارہ روزہ بین الاقوامی کتاب میلے کے اختتام کے ساتھ شارجہ نے عالمی اشاعتی صنعت، ثقافتی تبادلوں اور بین الاقوامی کاروباری تعاون کے فروغ میں اپنا کردار مزید اجاگر کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments