مصنوعی ذہانت کے دور میں ’’ہیومن(Human)‘‘بہترین لفظ قرار
نوکریوں پر قبضے کے خدشات کو مد نظر رکھ کر غور کیا گیا کہ ’’انسان ہونا کیا معنی رکھتا ہے ‘‘’’ہیومن میڈ‘‘یا ’’ہیومن آتھر‘‘کے استعمال میں نمایاں اضافہ :ماہرین کیمبرج ڈکشنری
لندن (اے ایف پی )"ہیومن" (Human) ، جس کے معنی "خداؤں، جانوروں یا مشینوں کے برعکس انسانوں کی سی خصوصیات، خامیوں اور احساسات کے حامل" کے ہیں، کو کیمبرج ڈکشنری نے سال کا بہترین لفظ (Word of the Year) قرار دے دیا ہے ۔کیمبرج یونیورسٹی پریس بورڈ کی رُکن فرانسسکا ووڈورڈ نے اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ 12 مہینوں کے دوران لوگوں نے ، خاص طور پر مصنوعی ذہانت کے نوکریوں پر قبضہ کرنے کے خدشات کے پیش نظر، اس بات پر گہرائی سے غور کیا ہے کہ "انسان ہونا کیا معنی رکھتا ہے "۔کیمبرج ڈکشنری کے ماہرینِ لغت نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ مرکب الفاظ جیسے کہ "ہیومن میڈ" (human-made) یا "ہیومن آتھر" (human author) کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔سال کے بہترین لفظ کی دوڑ میں شامل دیگر الفاظ میں "ایجنٹ" (Agent)بھی شامل تھا، جس کا مطلب ایک ایسا مصنوعی ذہانت کا نظام ہے جو انسانی کنٹرول کے بغیر پیچیدہ طریقے سے کام کر سکتا ہے ۔ اس میں "ہولیسم" (Wholesome) کا بھی ذکر تھا، جس کا مطلب ایسی چیز ہے جو جسمانی، اخلاقی یا جذباتی طور پر آپ کی زندگی کو بہتر بنائے ۔ اس کے علاوہ "ڈسکنٹنگ" (Dusking) بھی زیرِ غور تھا، جو کہ شام کے وقت سورج ڈوبنے اور اندھیرا ہونے کا منظر دیکھ کر ذہنی سکون پانے کا عمل ہے ۔
یہ ایک ڈچ روایت ہے جسے قدرت کے قریب ہونے کے لیے دوبارہ زندہ کیا گیا ہے ۔2026 میں ڈکشنری میں شامل کیے جانے والے دیگر نئے الفاظ میں "اورا فارمنگ (aura farming) شامل ہے ، جس کا مطلب ایسی حرکتیں کرنا ہے جن سے لوگ آپ کی شخصیت کی تعریف کریں، اور "لکس میکسنگ" (looksmaxing) یعنی خود کو زیادہ سے زیادہ جسمانی طور پر پُرکشش بنانا ہے ۔ کیمبرج ڈکشنری کے مطابق، اگلے سال جن الفاظ پر نظر رکھنی چاہیے ان میں "فوبو" (FOBO) شامل ہے ، جس کا مطلب "غیر متعلق یا متروک ہو جانے کا خوف" ہے کیونکہ آپ کی نوکری اب مصنوعی ذہانت کر سکتی ہے ۔ایک اور لفظ "ویدر وھیپلیش" (weather whiplash)ہے ، جو "موسم کی ایک انتہا سے دوسری انتہا میں تیزی سے تبدیلی" کو ظاہر کرتا ہے ۔گزشتہ سال کا بہترین لفظ "پیرا سوشل" (parasocial) تھا، جو کسی ایسے مشہور شخص سے تعلق کے احساس کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے جسے آپ ذاتی طور پر نہیں جانتے یا جو کوئی فرضی کردار ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments