ٹرمپ کی مداخلت، جینسن ہوانگ دوبارہ این ویڈیا سربراہ مقرر
نیویارک(اے ایف پی)ٹرمپ کی مداخلت پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا نے شریک بانی جینسن ہوانگ کو استعفے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد دوبارہ چیف ایگزیکٹو مقرر کر دیا۔
کمپنی کے بورڈ نے متفقہ طور پر انہیں صدر، چیف ایگزیکٹو اور بورڈ رکن کے عہدوں پر فوری بحال کرنے کی منظوری دی۔ کمپنی کے مطابق متعدد اجلاسوں کے بعد بورڈ ارکان ان کی صاف گوئی اور قیادت کی صلاحیتوں سے مطمئن ہوئے ۔ ہوانگ نے ایک خاتون سے مبینہ تعلقات کے انکشاف کے بعد 12 نومبر کو استعفیٰ دیا تھا۔ امریکی انٹیلی جنس اداروں کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون چین کے لیے جاسوسی کرتی تھیں۔مصنوعی ذہانت کی چپ ساز کمپنی این ویڈیا کے حصص میں پیر کو تقریباً 30 فیصد تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث گزشتہ ہفتے ٹیکنالوجی اسٹاکس میں شدید مندی کے بعد عالمی حصص بازاروں میں بحالی دیکھنے میں آئی۔
کمپنی کے سربراہ جینسن ہوانگ کی اچانک بحالی کے اعلان نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا۔ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ این ویڈیا کے سربراہ کی بطور چیف ایگزیکٹو بحالی سے قبل انہوں نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے براہ راست رابطہ کیا تھا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے بورڈ سے براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کی اور ہوانگ کی واپسی کے حق میں بھرپور موقف اختیار کیا۔ بورڈ مشکل صورتحال سے دوچار تھا، تاہم اس نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ٹرمپ نے بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا امریکی حکومت کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ جینسن ہوانگ کی این ویڈیا میں واپسی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوگا۔
امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس کے رہنما چک شومر نے جینسن ہوانگ کو دوبارہ چیف ایگزیکٹو مقرر کرنے کے معاملے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا کہ وہ قومی سلامتی کے بجائے اپنے ذاتی مالی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ چک شومر نے کہا کہ ڈیموکریٹس ٹرمپ انتظامیہ، جینسن ہوانگ، این ویڈیا کے دیگر عہدیداروں اور قومی سلامتی کو مالی مفادات کے لیے داؤ پر لگانے والے تمام افراد کے خلاف ممکنہ بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کریں گے ۔ ڈیموکریٹس جنوری میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد اپنے تمام اختیارات استعمال کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments