اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

شہری منصوبہ بندی اور مسائل

آج دنیا بھر میں ’شہروں کا عالمی دن‘ منایا جا رہا ہے جس کا مقصد شہروں کے بے ہنگم پھیلاؤ کوروکنا‘ شہری علاقوں کے مسائل کو اجاگر کرنا اور عالمی برادری میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ہمارے لیے یہ دن اس لیے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے کہ ہمارے شہر بغیر منصوبہ بندی کے بے ہنگم طریقے سے پھیلتے جا رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ ٹاؤن پلاننگ کا فقدان ہے۔ یہاں ٹاؤن پلاننگ کمیٹیاں تو موجود ہیں لیکن پوری طرح فعال نہ ہونے کی وجہ سے بعض شہر بالخصوص لاہور اور کراچی اس بے ہنگم طریقے سے پھیل چکے ہیں کہ ان دونوں شہروں کا پھیلاؤ اور آبادی بعض چھوٹے ممالک کے کل رقبے اور آبادی کے برابر ہو چکا ہے۔ نئے شہر بسانے کے بجائے شہروں کے مضافات میں موجود زرعی زمینوں کو دھڑا دھڑ رہائشی کالونیوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ دیہات اور قصبوں تک صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ شہروں کی طرف ہجرت کر رہے ہیںجس سے شہری علاقوں کی آبادی میں جس تیزی سے اضافہ جاری ہے‘ کراچی اور لاہور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کا عملی نمونہ ہیں۔ضروری ہے کہ حکومت ٹاؤن پلاننگ کمیٹیوں کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ دیہات اور قصبوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی بھی یقینی بنائے تاکہ شہروں کی طرف نقل مکانی کے رجحان میں کمی آ سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں