اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

سٹاک ایکسچینج‘ مثبت رجحان

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کئی روز کاروبار کے منفی رجحان کے بعد رواں ہفتے کے آغاز سے مثبت رجحان جاری ہے۔ گزشتہ دو روز کے دوران 1200 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ہونے سے بینچ مارک کے ایس سی 100انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح 67 ہزار 142 پوائنٹس پر پہنچ چکا ہے۔ 12 دسمبر 2023ء کے بعد یہ نئی بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ برس دسمبر کے وسط میں کے ایس ای100 انڈیکس 66 ہزار 426 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچا تھا لیکن اُس کے بعد عام انتخابات کے حوالے سے پیدا ہونے والی بے یقینی اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سٹاک ایکسچینج میں بہتری کا رجحان برقرار نہ رہ سکا اور مارکیٹ حصص تنزل کا شکار ہو گیا۔ اب نجکاری اور آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہونے کے بعد سے سٹاک ایکسچینج پھر سے بہتری کی جانب گامزن ہے۔ گوکہ سٹاک ایکسچینج میں اُتار چڑھاؤ معمول کا معاملہ ہے لیکن سٹاک حصص کا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنا سرمایہ کاروں کے معیشت پر اعتماد کا غماز ہے۔ یہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ہی ہوتا ہے جو کسی معیشت کی بہتری اور پائیداری کا فیصلہ کرتا ہے۔ وسط دسمبر سے رواں ماہ کے آغاز تک سٹاک ایکسچینج میں ہونے والی تنزلی بھی یہ واضح کر چکی کہ سیاسی استحکام کے بغیر معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت کو مربوط معاشی پالیسیوں سے سرمایہ کاری کے فروغ کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement