اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

آئی ٹی برآمدات میں اضافہ

آئی ٹی کی برآمدات میں بہتری کے امکانات خوش آئند ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں 30کروڑ 60 لاکھ ڈالرکی آئی ٹی برآمدات ہوئی ہیں جو کہ اب تک ایک مہینے میں ہونے والی سب سے زیادہ برآمدات ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران آئی ٹی برآمدات کا مجموعی حجم دو ارب 28کروڑ ڈالر تک پہنچ چکا ہے جبکہ گزشتہ برس اس دوران ایک ارب 98کروڑ ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ہوئیں۔ آئی ٹی اور ٹیلی کام اہم ترین صنعتیں ہیں‘ جن کا فروغ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ترجیحات میں بھی شامل ہے۔ یہ مانا جاتا ہے کہ اس سال آئی ٹی کی برآمدات میں اضافے کے پیچھے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کاوشوں کا بڑا عمل دخل ہے۔ ان اقدامات میں یہ بھی شامل ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں کو اپنا 50فیصد منافع اپنے بیرونی اکاؤنٹس میں رکھنے اور خرچ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ آئی ٹی انڈسٹری کا فروغ ملکی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے بشرطیکہ اس کی برآمدات میں اضافے کا رجحان برقرار رہے‘لیکن اس شعبے کی برآمدات اتار چڑھاؤ کا شکار رہتی ہیں۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ موجودہ ملکی قیادت آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت سے آگاہ اور اس کے فروغ کی خواہش مند ہے۔حکومتی سرپرستی سے یہ شعبہ ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement