اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک

عالمی مالیاتی فنڈ کی طرف سے جاری کردہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لُک میں رواں مالی سال کے دوران ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح میں کمی اور معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مذکورہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ملک میں اوسط مہنگائی کی شرح 24.8فیصد جبکہ معاشی شرح نمو دو فیصد رہنے کا امکان ہے۔ حالانکہ گزشتہ سال اکتوبر میں عالمی مالیاتی فنڈ نے یہ شرح ڈھائی فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی لیکن معاشی غیر یقینی کی وجہ سے اب یہ شرح دو فیصد تک محدود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گوکہ یہ شرح گزشتہ مالی سال کی شرح نمو 0.5فیصد کے مقابلے میں زیادہ ہے لیکن پھر بھی دو فیصد شرح نمو کے ساتھ روز افزوں آبادی کو باضرورت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ممکن نہیں۔ عالمی بینک نے بھی اپنی میکرو اکنامک آؤٹ لُک میں پاکستان کی معاشی شرحِ نمو میں بہتری کی پیش گوئی کرتے ہوئے اسے ضروری معاشی اصلاحات سے مشروط کیا تھا۔ اگرچہ عالمی اداروں کی ملکی معاشی اشاریوں میں بہتری کی پیش گوئیاں امید افزا ہیں تاہم ایک مربوط معاشی پالیسی کے بغیر ملکی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنا ممکن نہیں۔ ضروری ہے کہ حکومت خود کو معاشی اہداف طے کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے ان اہداف کے حصول کیلئے عملی اقدامات کو اپنی ترجیح بنائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement