اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس صوبہ پنجاب میں 2530 سے زائد بچے اغوا ہوئے اور 890سے زائد بچوں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنایا گیا۔قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی مرتب کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس ملک بھر سے مجموعی طور پر بچوں کے جنسی استحصال کے 4213 واقعات رپورٹ ہوئے‘ یعنی روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 11 بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ اعداد و شمار متعلقہ حکام کیلئے چشم کشا ہونے چاہئیںلیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس صورتحال کی سنگینی کے باوجودبچوں کیساتھ ایسے ناخوشگوار واقعات کے تدارک کیلئے کوئی مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے۔ حکومت کو بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے بلاتاخیر حرکت میں آنا ہوگا۔ بالخصوص بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم کے حوالے سے جو اضلاع سرِ فہرست ہیں‘ وہاںقانون نافذ کرنیوالے اداروں کو زیادہ فعال ہونا پڑے گا۔ بچوں کے خلاف جنسی استحصال اور دیگر جرائم کے مرتکب افراد کو سخت سزائیں دینا بھی ناگزیر ہے تاکہ ان درندہ صفت عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔ بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ بیشتر کیسز میں قریبی تعلقات رکھنے والے افراد ہی بچوں کا سب سے زیادہ استحصال کرتے ہیں۔اسلئے والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے معاملے میں کسی پر بھی اندھا اعتماد نہ کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement