اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ارشد شریف کیس میں اہم پیشرفت

معروف اینکر پرسن‘ ارشد شریف قتل کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے کینیا کی کاجیادو ہائیکورٹ نے پولیس اہلکاروں کی فائرنگ کو دانستہ اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ارشد شریف کی ہلاکت پر تحقیقات مکمل کرنے اور مقتول صحافی کے اہلِ خانہ کو زرِ تلافی دینے کا حکم دیا ہے‘ نیز اگر متعلقہ پولیس اہلکار قصوروار ثابت ہوتے ہیں تو ان کو سزائیں دی جائیں۔ کینیا کی عدالت کا یہ فیصلہ ارشد شریف قتل کیس میں ایک اہم پیشرفت ہے اور اس سے کینیا پولیس کے ’شناخت میںغلط فہمی‘ کے دعوؤں کی حقیقت واضح ہو گئی ہے۔ پاکستانی اور کینیا کے صحافتی حلقے پہلے ہی پولیس کے دعوؤں پر شبہات کا اظہار کر رہے تھے اور متعلقہ اہلکاروں کے ریکارڈ سے مختلف قیاس آرائیوں اور مفروضوں کو بھی تقویت مل رہی تھی۔ موقع کی تاک میں رہنے والوں نے اس موقع سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا اور سچ اور جھوٹ کی آمیزش سے واقعے کو اپنی مرضی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ موقع سے فائدہ اٹھانے والے واقعات کا استحصال کرتے رہتے ہیں مگر غیر جانبدارانہ تحقیقات اور حقائق سامنے لانے سے پروپیگنڈے کا مؤثر توڑ کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صحافیوں کی مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اس کیس کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ اب عدالت نے تحقیقات کا جو حکم دیا ہے اس سے اس قتل سے متعلق شبہات کا ازالہ ہوگا۔ اس وقوعے کی جامع اور درست تحقیقات کیلئے پاکستانی حکام کو کینیا کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہنا چاہیے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں