اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بڑھتی آبادی کے مسائل

 بڑھتی ہوئی آبادی اور اسکے مسائل سے متعلق شعور پیدا کرنے کی خاطر 11 جولائی کو آبادی کا عالمی منایا جاتا ہے۔ اپنے مقصد کے تناظر میں یہ دن پاکستان کیلئے اس لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے کہ پاکستان 25کروڑ کے قریب آبادی کیساتھ دنیا کا پانچواں گنجان آباد ملک ہے اور یہاں آبادی میں اضافے کی شرح خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ آبادی میں اضافے کی شرح(اڑھائی فیصد سالانہ) کے مقابلے میں قومی وسائل میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے جس سے آبادی اور وسائل کے درمیان تناسب بگڑتا جا رہا ہے۔ ملکی آبادی میں ہر سال 55 لاکھ سے زائد نفوس کے اضافے سے صحت‘ تعلیم‘ خوراک‘ پانی‘ ذرائع آمدورفت اور رہائش کی سہولتیں اور ملازمت کے مواقع سکڑتے جا رہے ہیں اور بیروزگاری‘ غربت‘ مہنگائی میں اضافہ اور تعلیم و صحت کے معیار کی تنزلی ہمارے سماج کے بنیادی مسائل بن کر سامنے آ رہے ہیں۔ ان محرومیوں سے جرائم‘ دھوکا دہی اور اخلاقی گراوٹ کی مختلف صورتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ چنانچہ عوام کو زندگی کی بہتر سہولتیں مہیا کرنے کے لیے آبادی کی شرح کو کنٹرول کرنا حکومت کے لیے ایسا چیلنج ہے‘ جس پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا۔عوام کو بھی اس حوالے سے سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپنے کنبے کو وسائل سے زیادہ نہیں بڑھانا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں