اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

معمول سے زیادہ بارشیں

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق رواں ماہ ملک میں معمول سے 60فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ بارشیں سندھ میں ہوئیں جو کہ معمول سے 318فیصد زیادہ ہیں۔ ریکارڈ بارشوں کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں۔گزشتہ دو تین برسوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں میں شدت کی وجہ سے غیرمعمولی بارشوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ گزشتہ برس بھی ملک میں معمول سے 70فیصد زیادہ بارشیں ہوئی تھیں اور کئی اضلاع کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ اسی طرح 2022ء میں ملک میں معمول سے 77فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں‘ بالخصوص جولائی اور اگست میں شدید بارشیں بڑے سیلاب کا سبب بنیں۔بارشوں کے معمولات میں ہر سال تبدیلی اور اسکے نتیجے میں ہونے والے نقصانات لمحہ فکریہ ہیں۔ اگرمناسب اقدامات نہ کیے گئے تو آنیوالے برسوں میں بارشوں سے نقصان میں کئی گنا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ایک طرف ملک میں غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے ہر سال سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو دوسری طرف آبی ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ 2040ء تک پاکستان کا شمار شدید آبی قلت والے ممالک میں ہوگا۔ بارشوں سے ہونے والا نقصان اور آبی قلت کے خدشات کی بڑی وجہ آبی ذخائر کی کمی ہے۔ آبی قلت کے مسائل اور سیلابوں سے ہونے والی تباہی سے بچنے کیلئے ملک میں آبی ذخائر کی تعداد میں اضافہ اور آبی گزرگاہوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں