اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ڈینگی وائرس کا خطرہ

عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا ہے کہ رواں برس دنیا بھر میں ڈینگی‘ چکن گونیا اور زیکا وائرس سمیت مچھروں سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں سے چار ارب افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔دنیا بھر میں رواں برس کے پہلے نو ماہ کے دوران ڈینگی اور مچھروں سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے کیسوں کی تعداد ایک کروڑ 23لاکھ تک پہنچ چکی ہے‘ گزشتہ برس یہ تعداد 65 لاکھ تھی۔ قومی ادارۂ صحت نے عالمی ادارۂ صحت کے اس انتباہ کے پیشِ نظر ڈینگی کی روک تھام کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ادارۂ صحت کے مطابق ڈینگی مچھر ملک کے تقریباً تمام علاقوں میں موجود ہے جس کی وجہ سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ رواں برس اب تک ملک بھر سے ڈینگی کے تقریباً نو ہزار کیس رپورٹ ہو چکے ہیں لیکن گزشتہ چند روز سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پنجاب میں ایک ہفتے کے دوران ڈینگی کے 746 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔اس سے پہلے کہ گزشتہ برسوں کی طرح ڈینگی بے قابو ہو جائے‘ مچھر مار مہم تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ضروری ہے کہ کھڑے پانی کی نکاسی کا بندوبست کیا جائے۔ عوام کو بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے کہ گھروں کی چھتوں‘ گملوں یا لان میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ مچھروں کو افزائش کیلئے ساز گار ماحول میسر نہ آ سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں