اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نصف آبادی طبی سہولتوں سے محروم

یونیورسل ہیلتھ کیئر کی مانیٹرنگ رپورٹ برائے پاکستان 2024ء میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کی تقریباً نصف آبادی یونیورسل طبی سہولتوں سے محروم ہے۔ یونیورسل طبی سہولتوں میں ضروری طبی خدمات کی فراہمی اور مالی تحفظ کا جائزہ لیا جاتا ہے اور پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف میں 80 فیصد سے زیادہ آبادی کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے اپنے ہدف سے بہت پیچھے ہے۔ اگرچہ 2015ء میں طبی سہولتوں سے محروم آبادی کی شرح 60 فیصد تھی جو گھٹ کر اب 47 فیصد پر پہنچ گئی ہے‘ تاہم پسماندہ علاقوں میں صورتحال زیادہ سنگین ہے‘ مثلاً وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 64فیصد آبادی کو طبی سہولتیں میسر ہیں مگر بلوچستان میں یہ شرح صرف 38.4 فیصد ہے۔ اس حوالے سے سب سے بڑی رکاوٹ صحت کا بجٹ ہے۔ رواں مالی سال وفاقی دارالحکومت کی 23 لاکھ آبادی کیلئے صحت کے بجٹ میں 27 ارب 86 کروڑ روپے مختص کیے گئے مگر بلوچستان کی لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ آبادی کیلئے 67 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا۔ پاکستان جیسے ملک میں یونیورسل طبی سہولتوں کی فراہمی میں ایک بڑی رکاوٹ مالی تحفظ ہے۔ بیشتر آبادی اپنے علاج کے اخراجات اٹھانے سے قاصر ہے اور سرکاری سہولتوں پر اکتفا کرتی ہے جبکہ حکومتوں کی جانب سے مالی مسائل کی بنیاد پر طبی سہولتوں کو محدود تر کیا جا رہا ہے۔ ضرورت ہے کہ اس حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی آئینی ذمہ داری کا ادراک کریں اور صحت کی سہولت ہر شہری تک پہنچانے کیلئے اقدامات کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں