اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

بھارتی حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ کے خصوصی ماہرین نے اس سال مئی میں ہونیوالی پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے بھارتی حملے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے پانچ خصوصی ماہرین کی تیار کردہ اس رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث نہیں تھا‘ بھارت نے حملہ کرکے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف وزری کی اور یہ مذموم کارروائی خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش تھی۔  پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں اور مذاکرات کے ذریعے تصفیہ طلب معاملات کو حل کرنے کا داعی رہا ہے‘ پہلگام واقعے کے بعد بھی پاکستان نے فراخدلی کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ‘ مگر بھارتی قیادت کے سر پر جنگی جنون سوار تھا۔ اس جنگی جنون کا خمیازہ بھارت کو مئی کی چار روزہ جنگ میں اپنے سات طیاروں کی تباہی ‘ فوجی بھرم کی شکست و ریخت اور عالمی سطح پر اپنے عسکری امیج کی رسوائی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

پاکستان نے اپنی حربی اور دفاعی صلاحیتوں سے ثابت کیا کہ بھارت کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ افواجِ پاکستان نے اپنی کمال پیشہ ورانہ مہارت اور عزم سے یہ ثابت کیا کہ بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام کا مؤثر توڑ پاکستان کے پاس ہے ۔ فضائی جھڑپوں اور میزائل حملوں میں واضح برتری ثابت کرنے کے باوجود پاکستان کی طرف سے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی گئی مگر بھارت کی جانب سے امن کی جانب پیشرفت کے بجائے جارحیت کے اقدامات مختلف صورتوں میں بدستور جاری رہے۔پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی کرنیوالے بھارت کے خلاف جبری گمشدگیوں‘ ماورائے عدالت قتل‘ شہریوں پر ظلم و تشدد‘ نوجوانوں اور خواتین کی ہراسانی اور سرحد پار دہشت گردی کے لاتعداد جرائم ثابت ہو چکے ہیں اور امریکہ اور کینیڈا سمیت متعدد ممالک بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر چکے ہیں۔ اب اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھی اس جانب توجہ دلائی ہے اور بھارت کی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں اور عالمی چارٹر کی سنگین خلاف ورزیوں پر سوال اٹھائے ہیں۔

بھارت کے جارحانہ اقدامات خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہیں ۔ بھارتی ریاستی دہشتگردی‘ جارحیت اور عالمی امن کیلئے خطرناک اقدامات صرف پاکستان کیلئے نہیں جنوبی ایشیا کے سبھی ممالک کیلئے خطرہ ہیں اور کوئی ملک بھارت کے ان مذموم حربوں کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کی طرح بنگلہ دیش میں بھارتی دہشتگردی کے تازہ واقعات جن میں سے ایک میں نوجوان سیاسی رہنما عثمان ہادی کی موت واقع ہوئی‘ بھارت کے علاقائی دہشتگرد انہ عزائم اور اقدامات کا واضح ثبوت ہیں۔ مقتول بنگلہ دیشی رہنما کو گولیوں کا نشانہ بنانیوالے بھارت فرار ہو گئے۔ بھارتی مداخلت ‘ تخریب کاری اور دہشتگردی کے واقعات پاکستان سمیت خطے کے سبھی ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ بھارتی جارحانہ عزائم کیخلاف خطے کے ممالک کو اتفاقِ رائے قائم کرنے اور ایک مؤقف کیساتھ آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں