اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

پاکستان‘ انڈر 19 ایشین چیمپئن

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستانی شاہینوں نے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر انڈر 19 ایشیا کپ میں پہلی غیر مشروط فتح حاصل کر لی۔ قبل ازیں 2012ء کے فائنل میں پاک بھارت مقابلہ برابر ہونے پر رولز کے مطابق دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا۔ بھارت کی ناقابلِ شکست رہنے والی ٹیم‘ جسے حالیہ ٹورنامنٹ میں فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا اور جس نے گروپ میچ میں پاکستانی ٹیم کو 90 رنز سے شکست دی تھی‘ کو بھاری مارجن سے ہرا کر پاکستانی ٹیم نے نہ صرف اپنا بدلہ پورا کر کے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا بلکہ یہ فتح رواں سال ستمبر میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں بھارت کے سپورٹس مین شپ سے عاری رویے کا بھی مسکت جواب ہے ۔

گرین شرٹس نے فائنل میچ میں ہر شعبے میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یہ مقابلہ کئی اعتبار سے ریکارڈ ساز ثابت ہوا۔ پاکستان کا دیا گیا 347 رنز کا ٹارگٹ انڈر 19 ایشیا کپ فائنل کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور ہے‘ پاکستانی اوپنر سمیع منہاس کی 172 رنز کی اننگزفائنل میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے جبکہ جیت کا مارجن بھی فائنل کا سب سے بڑا مارجن ہے۔ یوں پاکستان نے ایک فیصلہ کن فتح اپنے نام کی۔ بھارت کے خلاف یہ عظیم فتح جہاں پوری قوم کیلئے مسرت کا باعث ہے‘ وہیں آئندہ سال انڈر 19 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافے کا بھی باعث بنے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں