ٹریفک حادثات کا سنگین مسئلہ
ریسکیو سروسز کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رواں سال اب تک ٹریفک حادثات میں 4791 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں‘ جو گزشتہ برس کی شرح اموات سے 19 فیصد زیادہ ہے۔ کراچی میں بھی رواں سال 847 افراد ٹریفک حادثات کا شکار ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اگر ان حادثات کا تجزیہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 75 فیصد موٹر سائیکل سوار تھے‘ جو تیز رفتاری‘ ہیلمٹ کے عدم استعمال اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے سبب حادثات کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے۔

اگرچہ گزشتہ چند مہینوں سے صوبے میں ٹریفک قوانین کی پاسداری یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کافی متحرک نظر آتی ہے‘ لیکن محض سرکاری اقدامات حادثات کی روک تھام کیلئے کافی نہیں۔ شہریوں کا ذمہ دارانہ رویہ بھی اسی قدر اہم ہے جتنا کہ انتظامیہ کی کوششیں۔ ہر شہری کو چاہیے کہ گاڑی یا موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرے‘ تیز رفتاری سے گریز کرے اور موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور احتیاطی اقدامات اپنانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ یہی واحد راستہ ہے جس سے ہم مستقبل میں مزید انسانی جانوں کے ضیاع سے بچ سکتے ہیں اور اپنی سڑکیں کو سفر کیلئے محفوظ بنا سکتے ہیں۔