اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ہیپاٹائٹس کا پھیلاؤ

کراچی ان دنوں صحت عامہ کے ایک خطرناک بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ اگلے روز کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں ایک بین الاقوامی ادارے نے 74ہزار افراد کی ہیپاٹائٹس سی کی سکریننگ کی‘ جس میں سے 10ہزار سے زائد یعنی تقریباً 13 فیصد افراد ہیپاٹائٹس سی سے متاثرہ پائے گئے۔ یہ اعداد و شمار کسی بھی شہری یا حکومتی ادارے کیلئے انتباہ سے کم نہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اس مرض کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات سرنج کا غیر ضروری اور دوبارہ استعمال‘ خون کی غیر محفوظ منتقلی‘ حجام کی دکانیں اور اتائیوں کے غیر معیاری علاج ہیں۔ یہ وہ عوامل ہیں جو صرف کراچی کے کسی مخصوص علاقے یا کسی ایک شہر تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک میں اس مرض کے پھیلاؤ کا خطرہ پیدا کرتے ہیں۔

اسلئے فوری طبی مہمات‘ سکریننگ‘ ویکسی نیشن اور علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہیں۔ عوام کیلئے بھی ضروری ہے کہ وہ غیر محفوظ طبی طریقوں اور اتائیوں کے بجائے مستند معالج سے رجوع کریں‘ انتقالِ خون یا سرنج کے حوالے سے غیر معیاری آلات استعمال نہ کریں۔ بروقت اقدامات سے یہ مسئلہ صحت عامہ کے ایک بڑے المیے میں ڈھلنے سے بچ سکتا ہے۔لہٰذا حکومت کو وقت ضائع کیے بغیر ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سنجیدہ اور فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ یہ صرف ایک طبی ضرورت نہیں‘ بلکہ عوام کی زندگیوں کو بچانے کا ایک بنیادی فریضہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں