اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

تیموردفاعی نظام

پاک فضائیہ کی جانب سے فضا سے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستی کیساتھ نشانہ بنانیوالے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور کروز میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میزائل سسٹم کی 600کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت‘ جدید نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم‘ کم بلندی پر پرواز اور دشمن کے فضائی و میزائل دفاعی نظام سے مؤثر طور پر بچ نکلنے کی صلاحیت اسے جدید جنگی تقاضوں کے مطابق ایک انتہائی مؤثر ہتھیار بناتی ہے۔ یہ کامیابی اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ مقامی سائنسدانوں‘ انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی محنت‘ مہارت اور لگن کے باعث پاکستان دفاعی خود انحصاری کی منزل کی جانب مسلسل پیشرفت کر رہا ہے۔ تیمور میزائل سسٹم کے کامیاب تجربے سے نہ صرف ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے بلکہ قوم کا اعتماد بھی مزید مستحکم ہوا ہے۔

بدلتے علاقائی سکیورٹی ماحول میں طاقت کا توازن برقرار رکھنا وقت کا اہم تقاضا ہے‘ اور اس حوالے سے پاکستان کی مضبوط دفاعی صلاحیت ایک ناگزیر حقیقت بن چکی ہے۔ یہ امر خاص طور پر حوصلہ افزا ہے کہ ایٹمی طاقت ہونے کیساتھ ساتھ پاکستان روایتی ہتھیاروں کے میدان میں بھی اپنے انجینئرز کی تکنیکی مہارت اور سائنسی جدت کے سبب دنیا کی بڑی عسکری طاقتوں میں اپنی شناخت منوا رہا ہے۔ ایسی مضبوط دفاعی صلاحیت نہ صرف عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کرتی بلکہ دوست ممالک کیساتھ تزویراتی اور دفاعی تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں