موسمی افواہیں
محکمہ موسمیات نے ملک میں شدید سردی کی لہر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے موسمی اطلاعات دینے والے بعض اکاؤنٹس پر یہ دعویٰ کیا جارہا تھا کہ 16سے 25جنوری کے دوران ملک میں شدید سردی کی لہر آئے گی۔ محکمہ موسمیات نے ان دعوؤں کوگمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آنیوالے دنوں میں موسمی صورتحال میں کسی غیر معمولی کمی بیشی کا امکان نہیں۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق پاکستان میں اس سال سردی کا کوئی ریکارڈ نہیں ٹوٹا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے ہاں سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگ بغیر تصدیق کیے خبروں کو آگے پھیلاتے جاتے ہیں‘ جس سے سماج میں خوف و ہراس پھیلتا ہے۔

اس صورتحال کا ذمہ دار کوئی ایک نہیں‘ اس زنجیر کی ہر کڑی اپنی جگہ پر اپنے کیے کی ذمہ دار ہے۔اگر اس سلسلے کی کچھ کڑیاں ٹوٹ جائیں تو افواہ کی زنجیر ٹوٹ سکتی ہے۔مگر ایسا صرف اسی صورت میں ہوگا جب یہ عوامی شعور کا حصہ بنے گا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی ہر بات حرفِ آخر نہیں ہوتی‘ جب لوگ آنکھیں اور کان بند کر کے دوسروں کی باتوں پر یقین کرنے کے بجائے اپنی عقل کا استعمال کریں اور معاملے کی تھوڑی تحقیق کر لیا کریں۔ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کے چیلنج سے کسی صورت آنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں۔