جان لیوا حادثات
ہمارے ہاں ٹریفک حادثات کی شرح پہلے ہی المناک حد تک زیادہ ہے مگر دھند کے دنوں میں ان کی تعداد اور شدت مزید خوفناک ہو جاتی ہے۔ ہر سال ان دنوں میں حادثات کی المناکی برقرار رہتی ہے مگرشاہراہوں پر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کافی اقدامات نظر نہیں آتے یوں حادثات معمول بن جاتے ہیں۔ گزشتہ روز سرگودھا میں ایسے ہی ایک حادثے میں 14افراد جاں بحق اور نو شدید زخمی ہوگئے جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بس حادثے میں نو افراد جاں بحق اور 36زخمی ہوگئے۔ ملک کے بیشتر اضلاع ان دنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ انتہائی کم حد نگاہ میں ڈرائیوروں کی ٹریفک قوانین بالخصوص حد رفتار کی خلاف ورزی اور غیر ذمہ دارانہ اوورٹیکنگ حادثات کا سبب بنتی ہے۔

شہریوں کو چاہیے کہ وہ دھند یا خراب موسم میں دورانِ سفر تیزرفتاری سے گریز کریں‘ فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں‘ گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ جب تک ڈرائیور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ذمہ دارانہ ڈرائیونگ نہیں کریں گے‘ ٹریفک حادثات کی روک تھام ممکن نہیں۔ موسمی حالات کا جائزہ لے کر مسافروں کو آگاہی فراہم کرنے یا شاہراہوں پر آگے کی صورتحال سے خبردار کرنے کا مؤثر انتظام بھی ہونا چاہیے۔