کراچی میں گیس دھماکا
گزشتہ روز کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک تین منزلہ رہائشی عمارت گیس دھماکے سے منہدم ہو گئی۔ اس افسوسناک واقعے میں 16افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کا پریشر بڑھانے والی مشین کے باعث ہوا۔ ہمارے ہاں گیس حادثات ایک معمول بنتے جا رہے ہیں۔ ہر سال ملک بھر میں سینکڑوں واقعات رپورٹ ہوتے ہیں جن میں بیسیوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں‘ مگر نہ تو حکومتی سطح پر حفاظتی معیارات کے نفاذ میں سختی دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی عوامی سطح پر کوئی احتیاط برتی جاتی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر معیاری سلنڈر بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کرے۔

عوام بھی سستے اور غیر معیاری سلنڈر خریدنے سے گریز کریں اور صرف اوگرا کے منظور شدہ معیار پر پورا اترنے والے سلنڈر اور ریگولیٹر استعمال کریں۔ گھروں میں گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے غیرقانونی مشینیں نصب کرنا بھی انتہائی خطرناک عمل ہے‘ جس سے نہ صرف متعلقہ گھر بلکہ پورا محلہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح استعمال کے بعد گیس کا چولہا فوری طور پر بند کرنا‘ رات کے وقت سلنڈر کی والو چیک کرنا اور وقتاً فوقتاً لیکیج کی جانچ کروانے کو بھی معمول کا حصہ بنانا چاہیے۔ اگر اب بھی سنجیدگی نہ برتی کی گئی تو ایسے المناک واقعات ہمارے معاشرے کا مستقل حصہ بنے رہیں گے۔