اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

نئی مارکیٹ ٹائمنگ

وفاقی حکومت نے توانائی بچت کیلئے آج سے پنجاب‘ خیبر پختونخوا‘ بلوچستان‘ اسلام آباد‘ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بازار‘ شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز رات آٹھ بجے‘ جبکہ بیکریاں‘ ریسٹورنٹس‘ تنور اور شادی ہالز کو رات 10بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ تاہم میڈیکل سٹوروں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ یہ فیصلہ محض ایک انتظامی حکم نہیں بلکہ ایک وسیع تر معاشی اور توانائی حکمت عملی کا حصہ ہے‘ جس کا مقصد ملک میں بڑھتے ہوئے ایندھن کے بحران کے اثرات کو کم کرنا اور توانائی کے غیر ضروری استعمال کو روکنا ہے۔ موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال‘ خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور اسکے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے شدید مالی دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔

ایسے میں توانائی کی بچت کے اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ توانائی کی بچت محض حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک اجتماعی قومی فریضہ ہے‘ جس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔ اگر تاجر برادری‘ کاروباری طبقہ اور شہری اس فیصلے پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہیں تو اس کے مثبت اثرات بہت جلد ظاہر ہو سکتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ یہ پہلو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوامی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر چکا‘ اس صورتحال میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ صرف پابندیوں اور کنٹرول تک محدود نہ رہے بلکہ عوام کو معاشی ریلیف دینے کیلئے بھی مؤثر اور عملی اقدامات کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں