اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

عید‘ صفائی اور شہری ذمہ داری

ہر سال عیدالاضحی کے موقع پر لاکھوں جانوروں کی قربانی کے باعث صفائی ستھرائی کا ایک بڑا چیلنج سامنے آتا ہے۔ اگرچہ حالیہ برسوں میں صوبائی حکومتوں نے عیدالاضحی پر آلائشیں بروقت ٹھکانے لگانے اور خصوصی صفائی مہمات شروع کرنے جیسے اقدامات پر توجہ دی ہے تاہم اس پورے عمل کی کامیابی صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ شہریوں کی ذمہ دارانہ شرکت بھی ناگزیر ہے۔ بدقسمتی سے ہر سال یہ منظر دیکھنے میں آتا ہے کہ بعض لوگ شہری انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ طریقۂ کار پر عمل کرنے کے بجائے آلائشیں گلیوں‘ سڑکوں‘ نالوں اور خالی پلاٹوں میں پھینک دیتے ہیں یوں شدید تعفن پھیلتا ہے‘ ماحول آلودہ ہوتا ہے اور مختلف بیماریاں پھیلنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

شہریوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گلی محلوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی کا خیال بھی بالکل اسی طرح رکھنا چاہیے جیسے وہ اپنے گھروں کی صفائی کا خیال رکھتے ہیں۔ شہری عیدالاضحی کے موقع پر بالخصوص اور عام دنوں میں بالعموم اپنے گلی محلوں اور سڑکوں کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں تو ہمارے شہر دنوں میں مزید خوبصورت بن سکتے ہیں۔ اگر عیدالاضحی کے دنوں میں حکومت اور عوام دونوں اپنی اپنی ذمہ داریاں احساس کیساتھ ادا کریں تو نہ صرف شہروں کو تعفن اور آلودگی سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ عید کی خوشیوں کو بھی ایک صحت مند‘ پاکیزہ اور مہذب ماحول میں برقرار رکھا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں