اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

جنگلات آتشزدگی

گزشتہ روز بھی مارگلہ کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے سینکڑوں درخت ختم ہو گئے۔ ایک روز قبل مری کے علاقے کوٹلی ستیاں کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث بھی تقریباً سات ایکڑ جبکہ کمالیہ کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے  تقریباً ڈیڑھ سو ایکڑ پر محیط جنگل جل گیا۔ جنگلات میں آگ لگنے کے پیچھے قدرتی اسباب بھی ہو سکتے ہیں اور انسانی غلطی بھی تاہم  ان واقعات میں اکثر انسانی غلطی یا سازش  کارفرما ہوتی ہے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق مارگلہ نیشنل پارک میں آگ کے 80 سے 90 فیصد واقعات میں مقامی لوگ ملوث ہوتے ہیں۔ اگر یہی حقیقت ہے تو یہ نہایت افسوسناک صورتحال ہے جو پچھلے چند برسوں میں مارگلہ کے جنگلات کا بڑا حصہ ختم کر چکی ہے۔

رواں سال آگ کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکام کو اس جانب فوری متوجہ ہونا پڑے گا۔ لازمی ہے کہ جنگلات کے علاقے میں سگریٹ نوشی کی ممانعت ہو اور سیاحوں کو اُن خطرات سے آگاہ کیا جائے جو ایک معمولی سے چنگاری سے جنم لے سکتے ہیں۔ جنگلات کے علاقے کی نگرانی کیلئے عملے کی تعداد بھی بڑھانی چاہیے۔ وطنِ عزیز پہلے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا شکار ہے‘ ایسے میں جنگلات کا تحفظ ناگزیر ہے تاکہ شدید موسمیاتی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں