اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

المناک حادثہ

گزشتہ روز مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا المناک حادثہ ایک ایسا قومی سانحہ ہے جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا۔ اڑان بھرنے کے بعد پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں وطنِ عزیز کے متعدد جری جوان اور عملے کے ارکان جامِ شہادت نوش کر گئے‘ جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ یہ حادثہ ہمیں اس تلخ حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہمارے فوجی جوان محض سرحدوں کی حفاظت کے دوران ہی نہیں بلکہ دفاعی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہر لمحہ اپنی جانیں ہتھیلی پر لیے پھرتے ہیں۔ کٹھن جغرافیائی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں پرواز کرنا ہمیشہ سے ایک بڑا چیلنج رہا ہے لیکن آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس اور عملہ ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے بل بوتے پر ان خطرات کا سامنا بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کرتا آیا ہے۔

ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز طویل عرصے سے پاک فوج کے زیر استعمال ہیں اور مختلف عسکری اور امدادی آپریشنز میں بروئے کار آئے ہیں۔ اس ناگہانی واقعے کے بعد پاک فوج کی جانب سے انکوائری بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ ایک ناگزیر اقدام ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس حادثے کی وجوہات سامنے آ ئیں۔ ایسے حادثات کے شفاف اور باریک بین جائزے ہی سے مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ یہ وقت شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے پسماندگان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں