اداریہ
WhatsApp: 0344 4450229

ایل پی جی ریلیف؟

اوگرا نے جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 68روپے فی کلو کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلو مقرر کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے ‘ لیکن محض قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دینا کافی نہیں‘اصل چیلنج اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ قیمت میں کمی کے ثمرات صارفین تک بھی پہنچیں۔ اگر سرکاری نرخ صرف کاغذوں تک محدود رہیں اور بازار میں من مانی قیمتیں وصول کی جاتی رہیں تو ایسے اعلانات عوام کیلئے کسی عملی فائدے کے بجائے محض رسمی کارروائی بن کر رہ جاتے ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں نے عوام کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔ جون میں‘ جب سرکاری قیمت 308 روپے فی کلو مقرر تھی‘ مختلف شہروں میں ایل پی جی 450 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی۔

اب جبکہ اوگرا نے قیمت میں بڑی کمی کر دی ہے‘ اس وقت بھی بیشتر علاقوں میں صارفین کو ایل پی جی 380 سے 400 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ حکومت کو یقینی بنانا ہوگا کہ سرکاری نرخ بازار میں بھی نافذ العمل ہوں۔اس ضمن میں سپلائی چین کے ہر مرحلے کی نگرانی‘ پلانٹس‘ ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کا جامع آڈٹ‘ قیمتوں کی مانیٹرنگ اور خلاف ورزی کرنیوالوں پر بھاری جرمانے اور لائسنس معطل کرنے جیسے اقدامات ناگزیر ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں