معیاری الیکٹرک وہیکلز
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اجلاس میں بتایا کیا گیا کہ ملک میں الیکٹرک موٹر سائیکلوں کیلئے کوئی ریگولیٹری اتھارٹی موجود نہیں بلکہ مختلف وزارتیں اور ادارے الگ الگ ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں۔یہ خدشہ ہے کہ معیار کی نگرانی نہ ہونے سے ملک میں بننے والی الیکٹرک موٹر سائیکلوں میں طے شدہ حفاظتی معیارات کا خیال نہیں رکھا جاسکتا۔ خاص طور پر لیتھیم بیٹریوں کیلئے جامع پالیسی کی عدم موجودگی نے غیر معیاری اور خطرناک بیٹریوں کی فروخت کی راہ ہموار کر دی ہے جو نہ صرف جلد ناکارہ ہو جاتی ہیں بلکہ آگ لگنے اور دیگر حادثات کی خبریں بھی آتی رہتی ہیں۔اس طرح خدشہ ہے کہ الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر عوام کا اعتماد متاثر ہوگا؛چنانچہ ضروری ہے کہ الیکٹرک موٹر سائیکلوں کے حوالے سے معیار خاص طور پر ان میں لگی بیٹریوں کی پائیداری اور حفاظتی یقین دہانیو ں کو یقینی بنانے کا مؤثر انتظام کیا جائے ۔

علاوہ ازیں ملک میں چارجنگ سٹیشنز کی منصوبہ بندی بھی ضروری ہے۔ عوام کو معیاری اور محفوظ الیکٹرک وہیکلز اور چارجنگ سہولتیں دستیاب ہوں گی توان کی جانب رجحان بڑھے گا۔ملک میں ماحولیاتی تحفظ اور آلودگی کم کرنے کیلئے گاڑیوں کے دھویں کی مقداد میں نمایاں کمی کرنا ہو گی اور یہ اسی صورت ممکن ہے جب الیکٹرک وہیکلز کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو اور معیاری الیکٹرک وہیکلز آسانی سے دستیاب ہوں۔